آج میری بسمہ مر گئی

میرے مضبوط بازو آج کانپ رہے ہیں، ان میں میری دس ماہ کی بیٹی ہے جو بخار میں تپ رہی ہے اور ہسپتال جانے والی سڑک گاڑیوں، دھویں اور شور سے بھری پڑی ہے، مجھے کچھ سنائی نہیں دے رہا، قسم سے مجھے کچھ دکھائی نہیں دے رہا صرف اپنی بیٹی کے سوا۔ میں خود کو مضبوط رکھنا چاہ رہا ہوں میرا دل کانپ کانپ کے دعائیں مانگ رہا ہے کہ کسی طرح رستہ کھل جائے اور میں ہسپتال پہنچ جاؤں۔

خدا خدا کر کے گاڑیاں آگے بڑھی ہیں، تھوڑی سی تسلی ہوئی ہے، ہسپتال قریب آرہا ہے اور میرے بازو مزید گرم محسوس کر رہے ہیں، میری ننھی سی جان بہت تکلیف میں ہے۔

میں ہسپتال کی طرف بھاگ رہا ہوں، بہت رش ہے اور بہت سے لوگ کیمروں کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن مجھے ان کی کیا پرواہ، میرے دماغ میں بس یہی چل رہا ہے کہ کسی طرح ایمرجنسی وارڈ پہنچ کر اپنی بیٹی کا چیک اپ کرواؤں، اس کو کوئی انجیکشن یا ڈرپ لگ جائے تا کہ بڑھتا ہوا بخار رک  جائے، میری بیٹی کی سانس بحال ہو۔

لیکن یہ کیا۔۔ ایمرجنسی وارڈ کے آگے تو گارڈز بندوقیں لیے کھڑے ہیں، وہ کسی کو اندر نہیں جانے دے رہے، یہ کیا میرے اللّٰہ۔۔ یہ کیا ہو رہا ہے۔

میں اپنی موم سی بیٹی کو اپنے بازوؤں میں لیے بھاگتا ہوا آگے بڑھا لیکن مجھے روک رہے ہیں، میں منتّیں کر رہا ہوں، میں غصّہ بھی ہو رہا ہوں لیکن یہ گوشت سے بنے انسان مشینوں سا رویّہ دکھا رہے ہیں۔ میرے دماغ میں عجیب سے خیالات آرہے ہیں، میں اب ادھر اُدھر مدد کے لیے بھاگ رہا ہوں شاید کوئی فرشتہ مل جائے لیکن ہر طرف صرف کیمرے ہیں، میری وڈیو بن رہی ہے، مجھ سے سوال پوچھ رہے ہیں، یہ میرے لیے تھوڑی آئے تھے یہاں، یہ تو بڑے لوگوں کے لیے آئے تھے، میں تو اک بریکنگ نیوز ہوں۔

اب میرا دماغ کام نہیں کر رہا میری بیٹی کا جسم شدید گرم سے اب ٹھنڈا ہونا شروع ہوگیا ہے، بنا کسی دوائی کے اب اس کا جسم ٹھنڈا ہو رہا ہے۔۔ میں چیخ بھی ٹھیک سے نہیں پارہا، میں رو بھی نہیں پا رہا۔ میری بیٹی جو دس مہینے پہلے میرے گھر میں رحمت بن کر آئی تھی آج میرے ہاتھوں میں دم توڑ رہی ہے۔ میرا ملک، میرے حکمران اور میرے لوگ۔۔۔ سب نے اس کو مار دیا ہے۔

آج میری بسمہ مر گئی۔

Advertisements

2 خیالات “آج میری بسمہ مر گئی” پہ

جواب دیں

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

آپ اپنے WordPress.com اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ / تبدیل کریں )

Twitter picture

آپ اپنے Twitter اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ / تبدیل کریں )

Facebook photo

آپ اپنے Facebook اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ / تبدیل کریں )

Google+ photo

آپ اپنے Google+ اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ / تبدیل کریں )

Connecting to %s